اسلام آباد ۔ 30 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی واقتصادی ترقی کے لئے علم و تحقیق کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیق اور علم کی نئی راہیں تلاش کرنے والی اقوام تیزی سے ترقی کی منازل طے کرتی ہیں، ملکی جامعات تحقیق کے شعبہ پرخصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے نوجوانوں کو مستقبل میں روزگار میں معاون اور مارکیٹ کے تقاضوں …
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا بحریہ یونیورسٹی کے 21 ویں کانووکیشن سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 30 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی واقتصادی ترقی کے لئے علم و تحقیق کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیق اور علم کی نئی راہیں تلاش کرنے والی اقوام تیزی سے ترقی کی منازل طے کرتی ہیں، ملکی جامعات تحقیق کے شعبہ پرخصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے نوجوانوں کو مستقبل میں روزگار میں معاون اور مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم سے آراستہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بحریہ یونیورسٹی کے 21 ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ قرآن پاک پوری دنیا کے لئے بے مثال فلسفہ حیات ہے اور اس کی بدولت 1400 سال قبل لوگوں کی زندگیوں میں جو انقلاب برپا ہوا وہ ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام نے تمام پسے ہوئے طبقات اور اقلیتوں کو ان کے حقوق دیئے جس کی مثال تاریخ میں اس سے قبل نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کے لئے والدین اور معاشرہ تربیت گاہیں ہیں۔ طالب علم اپنے اساتذہ سے علم کے ذخیر ے سے مستفید ہوتے ہیں اور اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد روزگار حاصل کرنے میں یہ علم ان کے لئے معاون ہوتاہے۔ صدر نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کی تعلیم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے جو سرمایہ کاری کرتے ہیں وہ نہ صرف طالب علموں بلکہ ملک و قوم کے لئے بھی مفید ہوتی ہے ۔ اب یہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے والدین کی امنگوں پر پورااتریں، ان کا خیال رکھیں کیونکہ والدین کا خیال رکھنا ہمارا فرض بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے ترقی کررہی ہے۔ پہلے ہم مشترکہ خاندانی نظام میں جڑے ہوئے تھے لیکن اب تیز رفتار ترقی کے باعث انفرادی کلچر فروغ پا رہا ہے تاہم اس کے باوجود پاکستانی کلچر بہترین ہے جہاں ابھی بھی خاندانی نظام بہت حد تک برقرار ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی ثقافت اور روایات پر چلنا نہایت اہم ہے۔ صدر نے تحقیق و تعلیم کے شعبے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تحقیق اور علم کی تلاش کرنے والی قومیں ترقی کرتی ہیں اور علم پر دسترس رکھتی ہیں لیکن اگر وہ تحقیق کے شعبہ میں قابل قدر کامیابی حاصل نہیں کرتیں وہ برتری حاصل نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے کہاکہ علم کی نئی راہیں تلاش کرنے والی اقوام ترقی کرتی ہیں، علم کاحصول اور تحقیق اقوام کی ترقی کی بنیاد ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے اس امرپر زور دیاکہ یونیورسٹیاں تحقیق کے شعبہ پر خصوصی توجہ دیں، جامعات میں تحقیق کاعمل مسلسل جاری رہنا چاہیے۔ جامعات نوجوانوں کو ایسی تعلیم دیں جس سے وہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد روزگار حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مارکیٹ میں طلب کے مطابق تعلیم فراہم کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ہیمیں اپنے تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا چاہیے۔ صدر نے کتب بینی کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں کتابوں کی بڑی اہمیت ہوتی تھی لیکن اب انفارمیشن ٹیکنالوجی کے انقلاب کی بدولت معلومات کے ذرائع وسیع ہو چکے ہیں۔ آن لائن معلومات کا ذخیرہ موجود ہے۔ انہوں نے نوجوان کو تاکید کہ وہ زیادہ سے زیادہ معلومات کے حصول کے لئے اس ذخیرے سے استفادہ کریں۔ صدر نے کہا کہ انہیں خود بھی زمانہ طالب علمی سے کتب بینی کا ذوق رہا ہے اور وہ کتابوں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچپن سے ہی جھوٹ نہ بولنے اورسچ بولنے کی تربیت دی جاتی ہے لہٰذا ہمیں ہمیشہ سچ بولنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر ہم سے کوئی تلخ بات کرے گا تو اس سے ہماری انا متاثر ہوتی ہے۔ ہمیں تلخیاں بھلا کر آگے بڑھنا چاہیے اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔ قبل ازیں صدر مملکت نے تدریسی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طالب علموں میں اسناد اور اعزازات بھی تقسیم کئے۔







