اسلام آباد ۔ 2 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب سائلین کو وفاقی سرکاری اداروں کے خلاف سستا اور فوری انصاف فراہم کر رہا ہے، وفاقی محتسب اپنے کام اور فیصلوں سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرے، میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی معلومات فراہم کی جائیں، وفاقی محتسب کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کو ایک دن میں نمٹا دیتا …
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی وفاقی محتسب کی نئی ویب سائیٹ اور موبائل ایپ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 2 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب سائلین کو وفاقی سرکاری اداروں کے خلاف سستا اور فوری انصاف فراہم کر رہا ہے، وفاقی محتسب اپنے کام اور فیصلوں سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرے، میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی معلومات فراہم کی جائیں، وفاقی محتسب کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کو ایک دن میں نمٹا دیتا ہوں، وفاقی محتسب کے فیصلوں پر 95 فیصد عمل درآمد بہترین کارکردگی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وفاقی محتسب کی نئی ویب سائیٹ اور موبائل ایپ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وفاقی محتسب بہت اچھا ادارہ ہے جو احسن انداز میں لوگوں کے مسائل حل کر رہا ہے، لوگوں کو بجلی اور گیس جیسی بنیادی ضروریات کے حصول کے لئے رشوت دینی پڑتی ہے اور اس کے باوجود بھی طویل عرصہ انتظار کے بعد ان کے مسائل حل ہوتے ہیں لیکن وفاقی محتسب ایسا ادارہ ہے جو قانون کے مطابق ان لوگوں کی مدد کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔ وفاقی محتسب کو گزشتہ ایک سال کے دوران 70 ہزار سے زائد کیسز موصول ہوئے ہیں جن میں سے 90 فیصد کیسز کو نمٹایا گیا ہے، یہ ادارہ 188 وفاقی سرکاری اداروں کے خلاف شکایات سن سکتا ہے، اس وقت ملک میں پانچ مختلف محتسبین کام کر رہے ہیں، جس طرح وفاقی محتسب تیزی سے مقدمات نمٹا رہا ہے، ایسا ملک میں دوسرا کوئی ادارہ نہیں جو اتنی تیزی سے انصاف کی فراہمی سے متعلق مقدمات نمٹا رہا ہو۔ وفاقی محتسب کے مقدمات میں اپیل کا حق بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف اپیل صدر مملکت سے کی جاسکتی ہے اور میں صدر مملکت کی حیثیت سے وفاقی محتسب کے فیصلوں کے خلاف آنے والی اپیلوں کو ایک دن میں نمٹا دیتا ہوں۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں اپنا فرض نبھارہا ہوں، انصاف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وفاقی محتسب تمام وفاقی اداروں کے خلاف شکایات سن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کو اپنے کام اور فیصلوں سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرنی چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنے مسائل کے حل کیلئے اس ادارے سے مستفید ہو سکیں۔ وفاقی محتسب میڈیا کے ذریعے آگاہی مہم چلائے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی معلومات فراہم کی جائیں کیونکہ سوشل میڈیا تیز ترین اطلاعات کی فراہمی کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق سوشل میڈیا پر 60 سے 70 فیصد خبریں جعلی ہوتی ہیں، ہمیں اپنی سوچ بدلنا ہوگی۔ وفاقی محتسب کو مثبت معلومات کو پھیلانا چاہئے، ہم غلط خبر پر زیادہ یقین رکھتے اور توجہ دیتے ہیں، چند روز قبل کچھ لوگ حکومتی وزراء تبدیل ہونے پر حکومت کے جانے کی باتیں کرنے لگے لیکن کسی نے یہ نہیں بتایا کہ فیصل آباد اور لاہور میں گیس کی فراہمی سے کارخانے چل پڑے ہیں اور کاروبار کو فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب نے اس نئی ویب سائیٹ کا اجراء کر کے لوگوں کے لئے نیا دروازہ کھولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سوشل میڈیا تجارت پر بھی اثر انداز ہو رہا ہے، علی بابا نے ایک دن میں30 ارب ڈالر کی اشیاء فروخت کیں۔ انہوں نے کہا کہ پیمرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹی وی چینلوں اور ٹاک شوز میں عوامی مسائل کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کریں۔ قانون کے مطابق ہر ٹی وی چینل کو 10 فیصد وقت مفاد عامہ کے پیغامات کے لئے مختص کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ سماجی اہمیت کے اچھے پیغام جاری کرنے والے ٹی وی چینلوں کو ہر تین ماہ بعد ایوارڈ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی لیکن مغرب میں پناہ گزینوں کیلئے دروازے بند کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کا بھرپور مقابلہ کیا ہے، ہمیں سچ بولنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کے 95 فیصد فیصلوں پر عمل درآمد ہونا اہم بات ہے، وفاقی محتسب تمام مقدمات مفت نمٹا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں غلط تاثر پیدا کرنے والے کاموں سے احتیاط کرنی چاہئے، اسلام نے بہترین نظام انصاف دیا ہے۔ حضرت محمدۖ اور خلفائے راشدین کے دور کے فیصلوں کو قانون سازی میں مثال کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون اپنی جگہ موجود ہے، سب ادارے نئے پاکستان میں جوابدہ ہیں، ہم دنیا کا عظیم بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی محتسب سید طاہر شہباز نے کہا کہ وفاقی محتسب نے رواں سال کو عوامی آگاہی کے سال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی محتسب میں شکایات درج کرانے کا طریقہ انتہائی سادہ ہے جس سے لاکھوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں، پاکستان ایشیائی محتسبین ایسوسی ایشن کا صدر ہے، آئوٹ ریچ پروگرام کے تحت ضلع اور تحصیل کی سطح پر شکایات نمٹائی جاتی ہیں، ہم نے زیادہ سے زیادہ معلومات کی آگاہی کے لئے میڈیا اسٹریٹجی گروپ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سیمینار ملک بھر میں منعقد کئے جائیں گے، ہم نے شکایات کی وصولی کیلئے نئی موبائل ایپ متعارف کرائی ہے اور ویب سائیٹ کو جدید بنایا ہے، اس سے عام لوگوں کو سہولت حاصل ہوگی۔ اس موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے وفاقی محتسب کی نئی ویب سائیٹ اور موبائل ایپ کا افتتاح کیا۔ تقریب کے دوران وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر اعجاز احمد قریشی نے وفاقی محتسب کے کام اور کارکردگی کے بارے میں پریزنٹیشن دی۔ اس موقع پر وفاقی محتسب کی کارکردگی سے متعلق دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔







