صرف مسلمان آبادی والی ریاست (مقبوضہ کشمیر)کا سپیشل سٹیٹس ختم کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہٹلر مودی کی انتہا پسندانہ سوچ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ صرف مسلمان آبادی والی ریاست (مقبوضہ کشمیر)کا سپیشل سٹیٹس ختم کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہٹلر مودی کی انتہا پسندانہ سوچ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے، مودی کے غیر قانونی اقدام نے بھارت کے خود ساختہ الحاق کی دستاویز کو غیر موثر …

اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ صرف مسلمان آبادی والی ریاست (مقبوضہ کشمیر)کا سپیشل سٹیٹس ختم کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہٹلر مودی کی انتہا پسندانہ سوچ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے، مودی کے غیر قانونی اقدام نے بھارت کے خود ساختہ الحاق کی دستاویز کو غیر موثر کر دیا اورکشمیر آج 26 اکتوبر 1947ء کی پوزیشن پر ہے۔ ہفتہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ چین دنیا کی ابھرتی ہوئی طاقت ہے، مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں پاکستان کے موقف کی تائید پر ہم اپنے سدا بہار دوست ملک کا شکریہ ادا کر تے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ چین نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت کر کے ثابت کیا کہ وہ حق اور سچ کے ساتھ ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوستانہ اور قریبی تعلقات کا تقاضا تھا کہ پاکستان اپنے دوست کو مودی کے سیاہ اقدام پر اعتماد میں لے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ (یو این) کے سیکرٹری جنرل کا دو ٹوک بیان کہ بھارت کشمیر کی حیثیت بدلنے سے باز رہے، پاکستان کے موقف کی ترجمانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت ہونا چاہئے، مودی کا حالیہ اقدام جمہوریت اور بین الاقوامی قوانین پر کھلا حملہ ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ مودی کا یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ جمہوری روایات پر یقین نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جنوبی ایشیاء کے خطے کو پر امن بنانے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی سوچ کے ساتھ کھڑی ہے، جس کا واضح ثبوت چین کا پاکستان کی حمایت پر دو ٹوک موقف ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا منتظر ہے۔