لاہور قلندرز میں پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا گیا، شاہین آفریدی

لاہور۔18مارچ (اے پی پی):لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز ہمیشہ پاکستان سپر لیگ سے کافی پہلے کیمپ کا انعقاد کرتی ہے تاکہ کھلاڑیوں کو بہتر تیاری کا موقع مل سکے،کیمپ کے ذریعے نئے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے اور جاننے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے جو ٹیم کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں جاری …

لاہور۔18مارچ (اے پی پی):لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز ہمیشہ پاکستان سپر لیگ سے کافی پہلے کیمپ کا انعقاد کرتی ہے تاکہ کھلاڑیوں کو بہتر تیاری کا موقع مل سکے،کیمپ کے ذریعے نئے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے اور جاننے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے جو ٹیم کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔

ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں جاری کنڈیشنگ کیمپ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ گزشتہ 4 سے 5 برس پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کے لیے بہت اچھے رہے ، تاہم صرف ٹرافی جیتنا ہی کامیابی نہیں بلکہ اصل کامیابی یہ ہے کہ پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا گیا۔

شاہین آفریدی کے مطابق ملک بھر میں ہونے والے ٹرائلز کے ذریعے کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا، انہیں مواقع دیے گئے اور وہ آگے چل کر قومی سطح تک پہنچے۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کی سب سے بڑی کامیابی یہی ہے کہ اس کے تیار کردہ مقامی کھلاڑی اب نیشنل اور ریجنل سطح پر نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس مرتبہ بھی ٹرائلز کے ذریعے اچھا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے اور امید ہے کہ اس سیزن میں بھی ایک دو باصلاحیت کھلاڑی ٹیم کو ملیں گے، جو مستقبل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔شاہین آفریدی نے کہا کہ آنے والے 10 برسوں کے لیے بھی کئی اچھے کھلاڑی تیار ہو رہے ہیں جبکہ ٹیم میں اس بار کئی نئے چہرے شامل کیے گئے ہیں جن میں غیر ملکی کھلاڑی بھی موجود ہیں۔