ماہ صیام میں ”رمضان فوڈ پیکج“ کے تحت غریب و مستحق خاندانوں میں راشن بیگز تقسیم کئے جائیں گے

اسلام آباد ۔ 30 اپریل (اے پی پی) پاکستان بیت المال اور سعودی حکومت کے ادارہ کنگ سلمان ہیومنٹرین ایڈ اینڈریلیف سنٹر کے باہمی اشتراک سے ماہ صیام میں آزاد جموں کشمیر،گلگت بلتستان،اور خیبر پختونخواہ کے دور افتادہ علاقوں میں ”رمضان فوڈ پیکج“ کے تحت غریب و مستحق خاندانوں میں 18250 راشن بیگز تقسیم کئے جائیں گے، جس میں آٹا، گھی، چاول، دالیں، خشک دودھ، چائے کی پتی، مصالحے، چینی، …

اسلام آباد ۔ 30 اپریل (اے پی پی) پاکستان بیت المال اور سعودی حکومت کے ادارہ کنگ سلمان ہیومنٹرین ایڈ اینڈریلیف سنٹر کے باہمی اشتراک سے ماہ صیام میں آزاد جموں کشمیر،گلگت بلتستان،اور خیبر پختونخواہ کے دور افتادہ علاقوں میں ”رمضان فوڈ پیکج“ کے تحت غریب و مستحق خاندانوں میں 18250 راشن بیگز تقسیم کئے جائیں گے، جس میں آٹا، گھی، چاول، دالیں، خشک دودھ، چائے کی پتی، مصالحے، چینی، روح افزا شامل ہیں۔ اس پروگرام میں کل 24 اضلاع شامل ہیں۔ رمضان المبارک کی رحمتیں و برکتیں تقسیم کرنے کے حوالے سے ”رمضان فوڈ پیکج“ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد پاکستان تھلیسمیا سنٹر، فاطمہ جناح پارک، اسلام آباد میں کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان میں تعینات ہیڈ آف ڈی مشن رائل ایمبسی آ ف سعودیہ عربیہ فہد الشھری، سینئر وزیر خیبر پختونخواہ عاطف خان، پیر سید فخر امام، چیئرمین کشمیر کمیٹی قومی اسمبلی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹیکسٹائل انڈسٹریز عالیہ حمزہ ملک اور خواتین ممبران قومی اسمبلی بیگم ساجدہ ذوالفقار، شاہین سیف اللہ اور غلام بی بی بھروانہ سمیت مختلف سیاسی و سماجی افراد نے شرکت کی۔ ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی اور کے ایس ریلیف کے پاکستان میں مدیر خالد محمد العثمانی نے بطور میزبان مہمان شرکت کی۔ اس تقریب کا انعقاد کا مقصد پاکستان کے غریب و مستحق افراد میں رمضان المبارک کے مبارک مہینے میں راشن تقسیم کرنا تھا تاکہ لوگوں کو سحر و افطار کے لئے کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ اس پروگرام میں کل 24 اضلاع شامل ہیں جس میں آزاد جموں و کشمیر کے 5 اضلاع بالترتیب نیلم اٹھمقام، باغ، ہٹیاں بالا، مظفر آباد، سدھنوتی، جبکہ خیبر پختونخواہ کے 8 اضلاع جس میں بالترتیب شانگلہ، بٹ گرام، تور غر، لکی مروت، ٹانک، اپر دیر، چترال، بونیر اور اضلاع اور گلگت بلتستان کے 10اضلاع بالترتیب گھانچے، اسکردو، شغر، خرمنگ، گلگت، ہنزہ، دیا میر، استوراور نگرشامل ہیں جبکہ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کو بطور ضلع اس پروگرام کا حصہ بنایا گیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فہد الشھری نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کا دیرینہ ساتھی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کی عوام باہمی احترام، محبت اور تعاون پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان سعودی عرب کا بہترین بزنس اور اسٹرٹیجک پارٹنر ہے، پاکستان کی عوام سے سعودی فرمانرواہ بے پناہ محبت کرتے ہیں جسکی بہترین مثال کراو¿ن پرنس محمد بن سلمان کے حالیہ دورہ پاکستان میں خود کو سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر کہنا ہے۔ سعودی عرب اپنے پاکستانی بھائیوں کی خدمت میں ہمیشہ حاضر ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کمیٹی پیر سید فخر امام سابق نے پاکستان بیت المال اور کے ایس ریلیف کی اس مشترکہ کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ غریبوں، یتیموں اور بے کسوں کی مدد کرنا بہترین عمل ہے جس کی جتنی بھی ستائش کی جائے کم ہے۔ انہوں نے دونوں اداروں کے سربراہان سے اس عمل کا دائرہ کار بلوچستان، جنوبی پنجاب، اور اندرون سندھ تک پھیلانے کی بھی درخواست کی۔ سینئر وزیر خیبر پختونخواہ عاطف خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں اس سارے عمل کو اور سارے مقصد کو ایک لفظ میں بیان کروں تو میرے نزدیک یہ ”خدمت“ ہے اور دونوں اداروں کی متفقہ کاوش درحقیقت انسانیت کی بہترین خدمت ہے۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں خیبر پختونخواہ کے غریب و مستحق افراد کے لئے ان خوشیوں کا انتظام کرنے پر میں بطور نمائندہ خیبر پختونخواہ آپ سب کا بے حد مشکور ہوں۔ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے تقریب سے خطاب کا آغاز نبی کریم کی اس حدیث مبارکہ سے کرتے ہوئے کہا کہ ” اللہ اس شخص کو عذاب نہیں دے گا جس نے یتیم پر شفقت کی، اسکے ساتھ نرم گفتگو کی، اور معاشرے کے محتاجوں و کمزوروں پر رحم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حدیث کا مفہوم ہی پاکستان بیت المال کامقصد اور منشور ہے اور آج کے اس تقریب کی وجہ بھی۔ سعودی حکومت اور پاکستان بیت المال کی باہمی شراکت سے آج اللہ اور اسکے رسول کے حکم پر عمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور یہی عمل ہی وزیر اعظم عمران خان کے وژن اور اسلامی فلاحی ریاست کی بہترین تشریح ہے جس میں ریاست کا کردار اپنے محروم لوگوں کا ہر ممکن خیال رکھنا ہے۔ ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے آخر میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے مستحق افراد میں رمضان فوڈ پیکج کے تحت راشن بیگز تقسیم کیے گئے۔

مزید خبریں

Leave a Reply