مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان کا آل پاکستان نیشنل جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2026 کی اختتامی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت
مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان کا آل پاکستان نیشنل جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2026 کی اختتامی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت

مزید خبریں
پشاور۔ 05 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند نے آل پاکستان نیشنل جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2026 کی اختتامی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنلز میں خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں اور خواتین دونوں کیٹیگریز کے ٹائٹلز اپنے نام کر لیےخواتین کے فائنل میں خیبرپختونخوا کی سحرش علی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ماہ نور علی کو 2-3 سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی، جبکہ مردوں کے فائنل میں خیبرپختونخوا کے دانش سکندر نے محمد فواد خان کو شکست دے کر گولڈ میڈل اور چیمپئن شپ کا اعزاز حاصل کیا۔
اختتامی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر، ڈائریکٹر آپریشنز جمشید بلوچ سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔اس سے قبل خواتین کے سیمی فائنلز میں ماہ نور علی نے پنجاب کی عائشہ شاہد جبکہ سحرش علی نے پنجاب کی فائقہ فدا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ مردوں کے سیمی فائنلز میں دانش سکندر نے پاکستان ایئر فورس کے محمد مامون خان کو ہرایا، جبکہ محمد فواد خان نے پاک آرمی کے فیضان علی خان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند نے کہا کہ یہ خیبرپختونخوا کے لیے باعثِ فخر امر ہے کہ آل پاکستان جونیئر سکواش چیمپئن شپ کے مردوں اور خواتین دونوں ٹائٹلز صوبے کے کھلاڑیوں نے اپنے نام کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سکواش کے میدان میں ہمیشہ سے ایک زرخیز خطہ رہا ہے اور ماضی میں بھی یہاں کے کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے لیے بے شمار اعزازات حاصل کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات اور مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کر سکیں۔مشیر کھیل تاج محمد خان ترند نے فاتح کھلاڑیوں کے لیے ایک، ایک لاکھ روپے جبکہ رنر اپ کھلاڑیوں کے لیے پچاس، پچاس ہزار روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔








