لاہور۔18مارچ (اے پی پی):اے بی ایس ڈویلپرز نیشنل ٹی 20کپ کے سیمی فائنلز مکمل ہو گئے، جہاں کراچی وائٹس نے سیالکوٹ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بارش کے باعث لاہور وائٹس اور ایبٹ آباد کے درمیان میچ مکمل نہ ہو سکا اور ایبٹ آباد نے پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن کی بنیاد پر فائنل میں جگہ بنا …
نیشنل ٹی 20کپ، کراچی وائٹس اور ایبٹ آباد کی فائنل میں رسائی
لاہور۔18مارچ (اے پی پی):اے بی ایس ڈویلپرز نیشنل ٹی 20کپ کے سیمی فائنلز مکمل ہو گئے، جہاں کراچی وائٹس نے سیالکوٹ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بارش کے باعث لاہور وائٹس اور ایبٹ آباد کے درمیان میچ مکمل نہ ہو سکا اور ایبٹ آباد نے پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن کی بنیاد پر فائنل میں جگہ بنا لی۔پہلے سیمی فائنل میں سیالکوٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ20 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر165 رنز اسکور کیے، حسن نواز نے32 گیندوں پر 43 رنز بنا کر نمایاں کارکردگی دکھائی، جبکہ خواجہ ارحم نے40 رنز کی اننگز کھیلی، علی افضل نے جارحانہ انداز میں13 گیندوں پر26 رنز بنائے اور کپتان اسامہ میر نے 19 رنز اسکور کیے۔
کراچی وائٹس کی جانب سے محمد عمر نے عمدہ بالنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد اصغر نے2 اور ثاقب خان، میر حمزہ اور دانش عزیز نے 1، 1کھلاڑی کو آئوٹ کیا، ہدف کے جواب میں کراچی وائٹس کو عبداللہ فضل اور کپتان سعود شکیل نے شاندار آغاز فراہم کیا اور دونوں کے درمیان92 رنز کی شراکت قائم ہوئی، سعود شکیل نے21 گیندوں پر45 رنز بنائے، جبکہ عبداللہ فضل نے41 گیندوں پر88 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے، ہارون ارشد نے15 رنز بنا کر ٹیم کو 15.1 اوورز میں فتح دلائی۔
سیالکوٹ کی جانب سے اسامہ میر نے3 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسرے سیمی فائنل میں ایبٹ آباد نے ٹاس جیت کر لاہور وائٹس کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور وائٹس نے20 اوورز میں194 رنز بنائے، جس میں عمران ڈوگر کی 62 رنز کی شاندار اننگز نمایاں رہی، محمد اخلاق نے42 رنز اسکور کیے، جبکہ فرحان یوسف نے ناقابل شکست 33 اور محمد محسن نے 24 رنز بنائے۔ ایبٹ آباد کے شہاب خان نے بہترین بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ تاہم بارش کے باعث ایبٹ آباد کو ہدف کے تعاقب کا موقع نہ مل سکا اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن کے باعث فائنل میں پہنچ گیا۔ فائنل میں ایبٹ آباد کا مقابلہ کراچی وائٹس سے بدھ کے روز ہوگا۔









