واسا سیالکوٹ کے تمام افسران و عملہ نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے چھٹی کے باوجود فیلڈ میں متحرک

"واسا سیالکوٹ کے تمام افسران اور عملہ چھٹی کے باوجود فیلڈ میں موجود ہے تاکہ بارشی پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنا کر شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔”

سیالکوٹ۔ 26 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق کی ہدایت پر اتوار کی ہفتہ وار تعطیل کے باوجود واسا سیالکوٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر فیصل شہزاد کی نگرانی میں تمام افسران، انجینئرز اور فیلڈ سٹاف بھاری مشینری، ڈی واٹرنگ سیٹس اور دیگر دستیاب وسائل کے ساتھ صبح سے مسلسل فیلڈ میں موجود رہے تاکہ بارشی پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے۔حالیہ مون سون بارشوں کے دوران سیالکوٹ میں گزشتہ چند روز کے دوران مجموعی طور پر 321 ملی میٹر جبکہ صرف گزشتہ روز 92 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تحصیل سمبڑیال میں 245 ایم ایم اور ڈسکہ میں 191 ایم ایم شدید بارش کے باوجود واسا کی ٹیمیں مسلسل متحرک رہیں اور شہر کے مختلف نشیبی علاقوں، اہم شاہراہوں اور تجارتی مراکز سے بارشی پانی کی نکاسی کا عمل بلا تعطل جاری رکھا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی اور معمولاتِ زندگی برقرار رہیں۔ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق کی ہدایت پر واسا کا مرکزی کنٹرول روم مکمل طور پر فعال ہے جبکہ ہیلپ لائن 1334 اور 1718 پر موصول ہونے والی تمام شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ ٹیموں کو موقع پر روانہ کیا جا رہا ہے۔ نکاسیٔ آب کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور تمام فیلڈ ٹیمیں ہنگامی بنیادوں پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔