ورلڈ کپ سے متنازع اخراج، مصر کا ریفری کے خلاف فیفامیں باقاعدہ شکایت درج کرانے کا فیصلہ

مصرکی فٹبال فیڈریشن نے بدھ کو ارجنٹائن کے خلاف راؤنڈ آف 16 کے میچ میں 2-3 سے شکست اور ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد میچ آفیشلز کے خلاف فیفا میں باقاعدہ شکایت درج کرا دی ہے

قاہرہ۔8جولائی (اے پی پی):مصرکی فٹبال فیڈریشن نے بدھ کو ارجنٹائن کے خلاف راؤنڈ آف 16 کے میچ میں 2-3 سے شکست اور ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد میچ آفیشلز کے خلاف فیفا میں باقاعدہ شکایت درج کرا دی ہے، جس میں فرانسیسی ریفری فرانکوئس لیٹیکسیئر اور ان کی پوری ٹیم کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق مصری فٹبال فیڈریشن کے صدر ہانی ابوریدہ کی جانب سے فیفا کو بھیجی گئی اس شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ میچ کے دوران ریفرینگ کی سنگین غلطیوں اور دوہرے معیار کی وجہ سے مصر کو ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا۔

شکایت کے مطابق میچ کے دوران جب مصر کو 0-1 کی برتری حاصل تھی تو مصطفیٰ زیکو کے ایک جائز گول کو وی اے آر کے ذریعے لیساندرو مارٹنیز پر ایک مبینہ فاؤل کا بہانہ بنا کر منسوخ کیا گیا جبکہ میچ کے آخری لمحات میں جب مقابلہ 2-2 سے برابر تھا، تو ارجنٹائن کے ڈی باکس میں الیکس میک الیسٹر کی جانب سے حمدی فتحی کو کھینچے جانے پر مصر کی واضح پنالٹی اپیل کو وی اے آر پر چیک تک نہیں کیا گیا اور اسی کاؤنٹر اٹیک پر ارجنٹائن نے اپنا تیسرا اور فیصلہ کن گول داغ دیا۔

مصری فیڈریشن نے ریفرینگ ٹیم کے اس رویے کو مصر کے خلاف امتیازی سلوک اور ناانصافی قرار دیتے ہوئے فیفا سے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، جو کہ میچ کے فوراً بعد ہیڈ کوچ حسام حسن کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی ہی ایک کڑی ہے۔

مزید خبریں