وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

اسلام آباد ۔ 30 اپریل (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا طرز کا بلدیاتی نظام پنجاب میں لاگو کرنے، رمضان المبارک کے دوران دفتری اوقات صبح 10 بجے تا دوپہر 4 بجے کرنے، 1300 ارب کے گردشی قرضوں کے آڈٹ، لیگل ایڈ کے لئے جسٹس اتھارٹی بل، خواتین کو وراثت میں حق دینے کے بل، کوڈ آف سول پروسیجر میں ترمیم کے بل سمیت 7بلوں کی منظوری دیدی ہے، …

اسلام آباد ۔ 30 اپریل (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا طرز کا بلدیاتی نظام پنجاب میں لاگو کرنے، رمضان المبارک کے دوران دفتری اوقات صبح 10 بجے تا دوپہر 4 بجے کرنے، 1300 ارب کے گردشی قرضوں کے آڈٹ، لیگل ایڈ کے لئے جسٹس اتھارٹی بل، خواتین کو وراثت میں حق دینے کے بل، کوڈ آف سول پروسیجر میں ترمیم کے بل سمیت 7بلوں کی منظوری دیدی ہے، آئندہ چند دنوں میں حکومت ایوان میں 36 بل لا رہی ہے، وزیراعظم عمران خان نے ہدایات دی ہیں کہ رمضان المبارک کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے اور عوام کے لئے ریلیف پیکج کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وفاقی کابینہ نے اوگرا کی جانب سے پٹرولیم کی قیمت میں 14 روپے اضافے کی سمری ای سی سی کو بھجوا دی ہے تاکہ اس پر مزید نظرثانی کی جائے۔ کابینہ نے 100 ارب کی بچت پر حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان (کل) جمعرات کو مہمند ڈیم کا افتتاح کریں گے۔ منگل کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کا اہم اقدام اور قوم کی بقاءکے امور کابینہ اجلاس میں زیر غور آئے، تین گھنٹے اجلاس جاری رہا جس میں 13 نکات پر غور کیا گیا۔ کابینہ نے وزیراعظم کے دورہ چینکے موقع پر دوطرفہ تعاون، استعداد کار میں اضافے اور نوجوانوں کی تربیت، 1800 کلومیٹر ریلوے ڈبل ٹریک ایم ون سمیت غربت کے خاتمے کے لئے دوطرفہ معاہدوں پر مبارکباد دی۔وزیر اطلاعات نے ان توقعات کا اظہار کیا کہ معاہدوں سے عوام کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہو نگے اور عوام کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے کابینہ نے رمضان المبارک کے اوقات کار 10 بجے سے شام چار بجے کرنے کی منظوری دی ہے۔ اصلاحات پر تفصیلی بات ہوئی، ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی کی جانب سے مختلف محکموں کے اقدامات کے حوالے سے کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا۔ گورننس، فیڈریشن کو مضبوط کرنے، پانی کا مسلہ حل کرنے،زراعت اور شرح نمو بہتر کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ احساس پروگرام کی لانچنگ، کلین گرین پاکستان پروگرام اور دیگر شعبوں میں حکومت اصلاحاتلانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے طرز کا بلدیاتی نظام پنجاب میں لانے کا منصوبہ ہے، قانونی اصلاحات سے متعلق پانچ بل جس میں لیگل ایڈ، جسٹس اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائیگا جس سے سائلین کو انصاف کی فراہمی میں تاخیر کا معاملہ حل کر دیا جائیگا اور ان کو تحفظ ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو وراثت اور حق مہر ہمارے معاشرتی نظام میں سب سے بڑا چیلنج ہے، 52 فیصد خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے حکومت وومن حقوق بل لے کر آ رہی ہے،جس پر تحصیل سطح تک عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔اس سلسلے میں حکومتی محکمے مکمل معاونت اور سرپرستی کرینگے۔انہوں نے کہا کہ کوڈ آف سول پروسیجر میں ترمیم لا رہے ہیں،جس سے عوام کو فوری اور سستا انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔ انصاف کی فوری عدم فراہمی کے باعث اگلی نسل بھی عدالتوں میں دھکے کھاتی تھی، اس مشکل کو دیکھتے ہوئے دیوانی مقدامات کو ڈیڑھ سے دو سال میں نمٹایا جائیگا۔، یہ بل بھی پارلیمنٹ میں آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسل بلور پروٹیکشن اینڈ ویجیلنس بل اس مقصد کے لئے لایا جا رہا ہے کہ کرپشن کی داستانوں کے وائرس کو ختم کیا جائے، اس بل کےتحت 20 فیصد مراعات محکموں کے اندرکرپشن، اختیارات کا غلط استعمال اور بدعنوانی کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے والے شخص کو دیا اور معلومات دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا، بچوں سے زیادتیوں کی روک تھام کے لئے زینب الرٹ بل ، سکولوں میں اساتذہ کی مار پیٹ، ڈنڈے کے استعمال کو روکنے کے لئے بھی بل لایا لا رہے ہیں ۔ پچوں پر تشدد پرفوجداری دفعہ لگائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایات دیں کہ رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ نہ ہو اور عوام کے لئے ریلیف پیکج لایا جائے، اس مقصد کیلئے رمضان پیکج کمیٹی کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں عالمی سطح پر اضافہ ہو رہا ہے، حکومت سنبھالی تو بین الاقوامی مارکیٹ میں 53 ڈالر فی بیرل تھی اور اب 63 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، امریکہ کی جانب سے پابندیوں کی وجہ سے پٹرولیم کی طلب رسد میں فرق بڑھا اور قیمتوں میں اضافہ ہوا، اس کے زیادہ اثرات عوام پر پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا نے 14 روپے فی لیٹر پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی تجویز دی۔انہوں نے کہا ہمارے دو راستے تھے یا تو خسارہ بڑھائیں یا قیمتیں بڑھائیں۔ اس لئے وزیراعظم نے عوام کی تکالیف اور تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملہ ای سی سی کو بھجوا دیا تاکہ اس پر مزید غور کیا جائے۔ ہمارے گردشی قرضے 1300 ارب تھے ان کے آڈٹ کا فیصلہ ہوا تاکہ اس کے ذمہ داران کا تعین ہو۔ آئندہ اجلاس تک حقائق سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کی جانب سے پنجاب میں گڈ گورننس کے نعرے لگائے گئے، ۔اس دورانئے میں 10 ہزار ارب سے زائد کے خسارے کے علاوہ 100 ارب کے چیک باونس ہوئے جبکہ موجودہ حکومت نے 100 ارب کی بچت کی تاکہ سادگی پر مزید عمل ہو۔ انہوں نے کہا کہ دورہ چین میں وزیراعظم نے باور کرایا کہ موسمیاتی تبدیلی دنیا کے ایجنڈے کو ترجیح بنیادوں پر رکھا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ گلوبک وارمنگ ایک عالمی مسئلہ ہے۔اس پر قابو پانے کیلئے سول سوسائٹی، حکومت اور میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زراعت کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو ہدایات دی جائیں کہ وہ رواں سال بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیں اور کسانوں کوریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا اور وانا جو نو گو ایریا تھا، اس کے لئے انصاف ہیلتھ کارڈز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مسلح افواج کی کوششوں سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی اور انہیں قومی دھارے میں شامل کیا گیا، اب ان لوگوں کو ترقی میں برابر کا حصہ دار بنانا ہے۔ وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے اس موقع پرقوم کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ 2 مئی کو وزیراعظم مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار، آرمی چیف کو بھی مدعو کیا ہے جبکہ وزیر اعظم اس موقع پر مہمان خصوصی ہونگے۔انہوں نے کہا کہ اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے ہم یہ منصوبہ شروع کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت آبی وسائل نے مہمند ڈیم منصوبے پر 18 ارب روپے کی بچت کی ہے، ہم پاکستان کو روشنیوں کی طرف لے کر جا رہے ہیں، ہم 54سالہ پرانے منصوبے کو مکمل کرنے جا رہے ہیں اور یہ منصوبہ انشاءاللہ 6 سے 7 سال میں مکمل ہو گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاحت کے ساتھ ملک کی ترقی اور خوشحالی جڑی ہوئی ہے، جن قوموں نے ترقی کی انہوں نے عالمی برادری کو خوش آمدید کہا۔ وزیراعظم کا وژن ہے کہ صوبوں کو ساتھ لے کر سیاحت کو فروغ دیا جائے جب ملک میں سیاحت آئے گی تو روزگار کے مواقع بڑھیں گے، ترقی کا پہیہ چلے گا تو غریب کے گھر کا پہیہ چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسمبلی کے فلور پر 36 بل پیش کرنے جا رہی۔ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے، توقع ہے کہ پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے مناسب قانون سازی کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی شعبے میں چیلنج کا سامنا ہے،ہم انشاءاللہ قوم کو مایوسی سے نکال دینگے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی ایجنڈے جتنے بھی مختلف کیون نہ ہوں لیکن ہمیں قومی سلامتی کو اولیت دینی ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم میں کچھ ایسے لوگ گھس گئے جنہیں بیرونی عناصر کی آشیر باد حاصل ہے ۔ پی ٹی ایم نے منفی اور بے بنیاد پراپیگنڈا کیا ۔ پی ٹی ایم قیادت کے تانے بانے بیرونی عناصر سے ملتے ہیں۔ان کے بے بنیاد پراپیگنڈوں سے قومی سلامتی کو نقصان پہنچا، اس صورتحال میں حکومت نے ہر ممکن کوشش کی کہ ان کو قومی دھارے میں لایا جائے، پی ٹی آئی نے الیکشن میں وہاں پر اپنے امیدوار بھی نہیں کھڑے کئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم کی قیادت کی بیرونی طاقتوں سے رابطے ہیں، وزیراعظم کو اس حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم بخوبی جانتے ہیں کہ فاٹا کے جوان محب وطن ہیں، جو لوگ نوجوانوں کو ورغلانے کے لئے مصروف عمل ہے، ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پانی کے ضیاع کو روکنے اور ڈیم کی اہمیت اجاگر کر رہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ چیف جسٹس نے بھی بہت اہم کردار ادا کیا، اگر تارکین وطن ان منصوبوں تعاون کریں تو یہ منصوبے مکمل کرنے میں مشکل نہیں ہوتے۔

مزید خبریں

Leave a Reply