وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 2 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا مہمند ڈیم کا افتتاح لائق تحسین اقدام ہے، وزیراعظم نے قبائلی علاقوں میں تعمیروترقی کے نئے عزم کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی پالیسیاں ملک و قوم کے لیے مفید ثابت ہوں گی، ہم قوم سے کیے گئے تمام وعدے …

اسلام آباد ۔ 2 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا مہمند ڈیم کا افتتاح لائق تحسین اقدام ہے، وزیراعظم نے قبائلی علاقوں میں تعمیروترقی کے نئے عزم کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی پالیسیاں ملک و قوم کے لیے مفید ثابت ہوں گی، ہم قوم سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے، وزیراعظم عمران خان نے قبائلی علاقوں میں جا کر اور بالخصوص وادی تیرہ میں عوام کے ساتھ جو اظہار یکجہتی کیا اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی اور وہ علاقے جہاں ہمیشہ بارود کا دھواں، بارود کی بدبو اور دھماکوں کی گرج دار آواززیں سنائی دیتی تھیں وہاں آج پھولوں اور کلیوں کی ژالہ باری دیکھنے کو ملی اور ان پھولوں اور کلیوں کی خوشبو نے پورے علاقے کو معطر کر دیا جو اس قیادت کی ترجیحات کو بھی واضح کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہر انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ان قبائلی عوام کو سینے سے لگا کر ان کی حب الوطنی کو سراہا اور وہاں تعمیروترقی اور خوشحالی کے نئے باب کے آغاز کے عزم کا اظہار کیا ہے جس سے وہاں کا سیاسی ڈھانچہ مکمل طور پر تبدیل ہو گا اور لوگوں کو اس بات کا احساس ہو گا کہ ان کا قائد ان کی تکالیف کو سمجھتا ہے اور انہیں حل کرنے کے لیے ان کے ساتھ کھڑا ہے اور اس ضمن میں مناسب اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں جس سے عوام کو ان کی تکالیف اور مسائل چھوٹے لگنے لگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دل میں غریب عوام کا بہت زیادہ احساس ہے اور حکومت پسے ہوئے غریب و نادار طبقے کو اوپر لانے کے لیے کوشاں ہے، وزیراعظم عمران خان نے ہی یہ احساس بھی دلایا ہے کہ ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی بغض کا خاتمہ ہونا چاہیئے اور ملک و قوم کی بہتری کے لیے کام کرنے والے کو داد دینی چاہیئے، وزیراعظم عمران خان نے اپنے ان سات آٹھ ماہ میں اپنی ترجیحات کا تعین کیا اور پانی کو محفوظ بنانے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے تاکہ پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔ جو ماضی کی حکومتوں کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں تھا لیکن اب ڈیم بھی بنیں گے اور ضائع ہونے والے پانی کو محفوظ بھی کیا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج وزیراعظم عمران خان کا بیانیہ جیت گیا اور (ن) لیگ نے اپنی قیادت کو تبدیل کیا، اپوزیشن نے پہلے چار سے پانچ ماہ ہمیں قانون سازی نہیں کرنے دی اور اپوزیشن کی ضد تھی کہ شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنایاجائے لیکن اب اس عہدے کے لیے رانا تنویر کی نامزدگی کا مطلب واضح ہے کہ شہباز شریف لاپتہ ہیں، اپوزیشن اپنے لیڈر کو ڈھونڈ رہی ہے جو لاپتہ ہو گئے ہیں، یہ لوگ این آر او کی تلاش میں تھے لیکن جب انہیں این آر او نہیں ملا تو پھر انہوں نے راہ فرار اختیار کر لی ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پہلے ہی عوام میں اتنی مقبول نہیں اور سوائے صوبہ سندھ کے اسے کہیں بھی ووٹ نہیں ملے بلکہ انکی ضمانتیں ضبط ہوئیں اس لیے اب اگر پاکستان پیپلز پارٹی نے (ن) لیگ کے ساتھ گٹھ جوڑ کیا تو عوام میں اپنی جڑیں کھوکھلی کر لے گی، پیپلز پارٹی کا روایتی ووٹر کبھی بھی (ن) لیگ کے ساتھ کھڑا نہیں ہو گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ غلام سرور کے بارے میں میرے بیان کو تروڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، ہم مصنوعی گروتھ ریٹ پر یقین نہیں رکھتے اور (ن) لیگ کے رکن مفتاح اسماعیل نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ ان کے دور میں روپے کی قدر کو مصنوعی طور پر کنٹرول کیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Leave a Reply