اسلام آباد ۔ 10 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے تمام اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے، امید ہے کہ رواں سال 25 ارب ڈالر برآمدات کا ہدف حاصل ہو جائے گا، وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران آزادانہ تجارتی معاہدہ پر دستخط کئے جائیں گے، عالمی بینک کی ٹیم کاروبار میں آسانیاں …
وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد کا چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 10 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے تمام اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے، امید ہے کہ رواں سال 25 ارب ڈالر برآمدات کا ہدف حاصل ہو جائے گا، وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران آزادانہ تجارتی معاہدہ پر دستخط کئے جائیں گے، عالمی بینک کی ٹیم کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالہ سے پاکستان کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے 15 اپریل کو آئے گی، کاروبار کرنے کیلئے کمپنیوں کی رجسٹریشن کے عمل کا دورانیہ ہفتوں سے کم کرکے چار گھنٹے تک کر دیا ہے، بلڈنگ پرمٹ پراپرٹی کی رجسٹریشن کے اوقات میں بھی کمی کر دی گئی ہے، برآمدات کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالہ سے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ کاروبار کو آسان بنایا جائے، موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد کاروبار کرنے کیلئے سہولیات اور آسانیاں پیدا کرنے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 15 اپریل کو عالمی بینک کی ٹیم آ رہی ہے جو کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالہ سے ہمارے اقدامات کا جائزہ لے گی۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ چین سے ایک ارب ڈالر کی مزید برآمدات کی سہولت ملنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ہمارے اقدامات سے پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں بہتری آئے گی جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا۔ عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ ہم روس سمیت دیگر ممالک کے تجربات سے استفادہ کر رہے ہیں تاکہ کاروبار کرنے میں مزید آسانیاں پیدا کریں تاکہ معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کا عالمی معیار کے مطابق نہ ہونا برآمدات میں کمی کی اہم وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدے پر مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوئی ہے، وزیراعظم کے دورہ چین میں آزادانہ تجارتی معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین کو ایک ارب ڈالر کی مزید برآمدات شروع ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاول اور چینی کی چین کو برآمد جلد شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مارچ میں درآمدات میں 28 فیصد کی کمی ہوئی ہے، امید ہے کہ رواں مالی سال 25 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کر لیں گے۔ اس موقع پر چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف نے کہا کہ اب ہم نے کاروبار کےلئے پورٹل بنایا ہے جس کے تحت نئی کمپنیاں رجسٹر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیوں کی رجسٹریشن سمیت ٹیکسوں کی ادائیگی کے نظام میں بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پراپرٹی اور تعمیر کے شعبوں میں بھی اصلاحات کی جا رہی ہیں اور ان کےلئے بھی ایک پورٹل بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہ کام 270 دنوں میں ہوتا تھا جو اب 90 دن میں پراسس ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی طرف سے اچھے سگنل آ رہے ہیں کہ وہ کاروبار لے کر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ماہ میں اصلاحات لانے کےلئے 30 سے زیادہ اداروں کے ساتھ کام کیا ہے، اگلے فیز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھی کام ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی، سٹیٹ بینک اور دیگر اداروں نے کاروبار کے آسان کرنے کےلئے نمائندے رکھے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے کاروباری طبقہ نے ہمیں سراہا ہے اور سرٹیفیکٹ بھیجے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانی پیدا کرنے سے غیر ملکی سرمایہ کاری کا حصول ممکن ہو سکے گا۔







