وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام کا جائزہ لینے کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس

وزیراعظم کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام کا جائزہ لینے کے لیے قائم کمیٹی کا چوتھا اجلاس وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں بین الاقوامی بہترین طریقہ کار اور موجودہ عالمی مارکیٹ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام کا جائزہ لینے کے لیے قائم کمیٹی کا چوتھا اجلاس وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں بین الاقوامی بہترین طریقہ کار اور موجودہ عالمی مارکیٹ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پروفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کی حالیہ بندش کے باعث عالمی توانائی کی منڈی میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر کمیٹی کی ذمہ داریاں مزید اہم ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی ایم جی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ترکیہ کے مقابلے میں کم جبکہ بھارت کے قریب ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ریفائنری پالیسی میں ترامیم کی تجویز دی ہے تاکہ ملک میں ڈیزل کی مقامی پیداوار بڑھائی جا سکے، درآمدی ڈیزل پر انحصار کم ہو اور قومی توانائی کے تحفظ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے مختلف طریقہ کار پر غور کیا گیا۔کمیٹی نے فوری اقدام کے طور پر سفارش کی کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اپنی ویب سائٹ پر روزانہ کی بنیاد پر پلاٹس کی قیمتوں کا ڈیٹا جاری کرے تاکہ عوام کو پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے بنیادی معیار تک براہِ راست رسائی حاصل ہو۔کمیٹی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حال ہی میں قائم کیے گئے پٹرولیم پرائس سٹیبلائزیشن فنڈ کو مکمل طور پر قواعد و ضوابط پر مبنی نظام ے تحت چلایا جائے جس میں فنڈ کے قیام، مالی وسائل کی فراہمی اور ادائیگیوں کا واضح اور شفاف طریقہ کار موجود ہو تاکہ کسی بھی قسم کے صوابدیدی فیصلوں سے بچا جا سکے۔

اجلاس میں تیل کی سپلائی چین کو ڈیجیٹل بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ہدایت کی کہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس حتمی ہوگاجس کے بعد سفارشات وزیراعظم کو منظوری اور غور کے لیے پیش کر دی جائیں گی۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چیئرمین اوگرا نبیل اعوان، کے پی ایم جی کی ٹیم، کمیٹی کے دیگر اراکین، وزارت خزانہ، وزارت قانون و انصاف، پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او)، اوگرا اور پٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔