پاکستان ہاکی فیڈریشن، کانگریس کا اجلاس 27 مارچ کو طلب

لاہور۔19مارچ (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے کانگریس کا ایک اہم اجلاس جمعہ27 مارچ2026 کو وفاقی دارالحکومت میں طلب کر لیا ہے۔فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ آفیشل نوٹس کے مطابق اجلاس پاکستان اسپورٹس بورڈ اسلام آباد میں صبح 10:30 بجے منعقد ہوگا جس کی طلبی پی ایچ ایف کے2010 کے آئین کی دفعات12.10 اور 12.10.3 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ فیڈریشن کے مطابق اجلاس …

لاہور۔19مارچ (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے کانگریس کا ایک اہم اجلاس جمعہ27 مارچ2026 کو وفاقی دارالحکومت میں طلب کر لیا ہے۔فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ آفیشل نوٹس کے مطابق اجلاس پاکستان اسپورٹس بورڈ اسلام آباد میں صبح 10:30 بجے منعقد ہوگا جس کی طلبی پی ایچ ایف کے2010 کے آئین کی دفعات12.10 اور 12.10.3 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔

فیڈریشن کے مطابق اجلاس کا باقاعدہ ایجنڈا تمام اراکین کو ارسال کر دیا گیا ہے جس میں تنظیم کے اہم معاملات زیر بحث آئیں گے۔پی ایچ ایف کانگریس کے تمام اراکین سے شرکت یقینی بنانے کی درخواست بھی کی گئی ہے تاکہ اہم فیصلوں میں ان کی رائے شامل کی جا سکے۔

یہ دعوت نامہ پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی اور سیکرٹری جنرل سید شکیل شاہ کی ہدایات پر کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان کی جانب سے تمام کانگریس ممبران کو ارسال کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک میں ہاکی کے تنظیمی ڈھانچے،مستقبل کی حکمت عملی اور دیگر اہم امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا اور کانگریس ممبران کو اعتماد میں لیا جائے گا۔