اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیرقانونی اقدامات کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انڈونیشیا کے صدر کو یہ ٹیلی فون بھارتی مقبوضہ کشمیر میں پیدا …
وزیراعظم عمران خان کا انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ٹیلی فون پر رابطہ ، بھارت کی طرف سے غیرقانونی اقدامات کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیرقانونی اقدامات کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انڈونیشیا کے صدر کو یہ ٹیلی فون بھارتی مقبوضہ کشمیر میں پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق عالمی رہنماﺅں کو آگاہ کرنے کا حصہ ہے۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان یہ پہلا ٹیلی فونک رابطہ ہے۔ وزیراعظم نے صدر جوکو ویدودوکو بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر مکمل طور پر یرغمال ہے اور بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے جارحیت میں اضافہ کے نتیجہ میں بڑے پیمانے پر بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کا سنگین خدشہ ہے۔ وزیراعظم نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ یہ اس کا فرض بنتا ہے کہ کسی بھی ایسی خونریزی ہونے سے قبل اس کی روک تھام کیلئے کردار ادا کرے۔ وزیراعظم عمران خان نے صدر جوکو ویدودو کو دیرینہ حل طلب مسئلہ کشمیر کے پرامن طریقوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں سے بھی آگاہ کیا تاہم بھارت کی ہٹ دھری اس سلسلہ میں مسلسل رکاوٹ رہی ہے۔وزیراعظم نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ بین الاقوامی برادری اس دیرینہ تصفیہ طلب تنازعہ کے حل کیلئے اپنا معاون کردار ادا کرے۔انہوں نے زور دیا کہ بھارت کو بھی چاہئے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرے۔دونوں رہنماﺅں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس مسئلہ کو پرامن طریقے سے اور بین الاقوامی قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے حل کرنے کی ضرورت ہے۔








