قصور ،فش سیڈ اسٹاکنگ پروگرام کے تحت مچھلی کے بچوں کو دریاؤں اور دیگر آبی ذخائر میں چھوڑ کر مچھلی کی قدرتی افزائش کو فروغ دیا جا سکتا ہے،ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز لاہور ڈویژن

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے وژن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل فشریز پنجاب کی خصوصی ہدایات پر محکمہ فشریز پنجاب نے قدرتی آبی ذخائر میں مچھلی کی افزائش، آبی ماحولیات کے تحفظ اور پائیدار ماہی گیری کے فروغ کے سلسلے میں ایک اہم اقدام کرتے ہوئے دریائے راوی کے مقام ہیڈ بلوکی میں ایک لاکھ مچھلی کے بچوں کی ذخیرہ کاری مکمل کر دی

قصور۔ 12 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے وژن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل فشریز پنجاب کی خصوصی ہدایات پر محکمہ فشریز پنجاب نے قدرتی آبی ذخائر میں مچھلی کی افزائش، آبی ماحولیات کے تحفظ اور پائیدار ماہی گیری کے فروغ کے سلسلے میں ایک اہم اقدام کرتے ہوئے دریائے راوی کے مقام ہیڈ بلوکی میں ایک لاکھ مچھلی کے بچوں کی ذخیرہ کاری مکمل کر دی۔مچھلی کے بچوں کی یہ ذخیرہ کاری فش ہیچری بلوکی، ضلع قصور سے کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز لاہور ڈویژن عظیم بیگم نے خصوصی طور پر نگرانی کی جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز فش ہیچری بلوکی مہر معوذ اسلم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز ننکانہ صاحب فخرا سمیت محکمہ فشریز کے دیگر افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔

محکمہ فشریز کے حکام کے مطابق دریاؤں، جھیلوں اور دیگر قدرتی آبی ذخائر میں مچھلی کے بچوں کی باقاعدہ ذخیرہ کاری کا بنیادی مقصد مچھلی کی قدرتی آبادی میں اضافہ، آبی حیات کے تحفظ کو یقینی بنانا، ماحولیاتی توازن برقرار رکھنا اور مقامی ماہی گیر برادری کے لیے روزگار اور آمدنی کے بہتر مواقع پیدا کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ قدرتی آبی ذخائر میں مچھلی کی آبادی مختلف عوامل کے باعث متاثر ہوتی رہتی ہے، جس کے پیش نظر محکمہ فشریز پنجاب وقتاً فوقتاً فش سیڈ اسٹاکنگ پروگرام کے تحت مچھلی کے بچوں کو دریاؤں اور دیگر آبی ذخائر میں چھوڑتا ہے تاکہ مچھلی کی قدرتی افزائش کو فروغ دیا جا سکے اور مستقبل میں مچھلی کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

محکمہ کے ماہرین کے مطابق دریائے راوی میں ایک لاکھ مچھلی کے بچوں کی ذخیرہ کاری سے نہ صرف مچھلی کی قدرتی افزائش میں اضافہ ہوگا بلکہ آبی ماحولیاتی نظام کو مستحکم بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ اس اقدام کے مثبت اثرات مقامی ماہی گیروں، آبی حیات اور قدرتی ماحول پر مرتب ہوں گے۔محکمہ فشریز پنجاب قدرتی آبی وسائل کے تحفظ، مچھلی کی افزائش اور پائیدار ماہی گیری کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس سلسلے میں صوبہ بھر میں فش سیڈ اسٹاکنگ پروگرام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ آبی ذخائر میں مچھلی کی پیداوار بڑھائی جا سکے اور غذائی تحفظ کے ساتھ ساتھ ماہی گیر برادری کی معاشی ترقی کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں