حکومت مہنگائی کے باوجود متوازن بجٹ پیش کرنے میں کامیاب، حج 2027 رجسٹریشن اسی ماہ شروع ہوگی، سردار محمد یوسف

حکومت مہنگائی کے باوجود متوازن بجٹ پیش کرنے میں کامیاب، حج 2027 رجسٹریشن اسی ماہ شروع ہوگی، سردار محمد یوسف

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ عالمی اور خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باوجود وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت تیسرا متوازن بجٹ پیش کرنے میں کامیاب ہوئی ہے ، حج 2027 کی رجسٹریشن اسی ماہ شروع کرنے جارہے ہیں ،گزشتہ سال بھی حج کے لئے ساڑھے چار لاکھ لوگوں نے رجسٹریشن کرائی تھی ،اس سال رجسٹریشن تعداد بڑھنے کا امکان ہے ۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں بجٹ اجلاس کے بعد اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ آج ایوان میں پیش کیا گیا بجٹ ملکی معیشت کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوگا، بجٹ میں متعدد شعبوں میں ملنے والا ریلیف براہ راست عوام کو فائدہ پہنچائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ابھی توبجٹ پیش ہوا ہے اس میں بحث بھی ہونی ہے اور سامنے آنے والے عوامی ریلیف اور مثبت تجاویز بھی اس میں شامل ہونگی ۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ اقتصادی صورتحال بہتر ہونے سے ہر شعبے میں بہتری آتی ہے ، گزشتہ حج کے لئے جب حکومت نے رجسٹریشن کا آغاز کیا تھا تو اس کے لئے ساڑھے چار لاکھ لوگوں نے رجسٹریشن کرائی تھی، سعودی تعلیمات کی روشنی میں وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کے لئے کام شروع کر دیا ہے ،اسی مہینے میں حج 2027 کی رجسٹریشن شروع ہو جائے گی اور امید ہے کہ اس سال پچھلے سال کی نسبت زیادہ لوگ رجسٹریشن کرائیں گے ۔