سندھ حکومت کاتمام تعلیمی بورڈزکے عملے کی خصوصی آئی ٹی تربیت اور بورڈز کو جدید آلات فراہم کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت کا تعلیمی بورڈز میں ای مارکنگ، جدید ٹیکنالوجی اور امتحانی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن متعارف کرانے کا فیصلہ

کراچی۔ 08 جولائی (اے پی پی):سندھ حکومت نے سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپروومنٹ پروجیکٹ(ایس ایس ای آئی پی)کے تحت صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں جدید ٹیکنالوجی، ای مارکنگ، امتحانی نظام کی جدید کاری اور گورننس سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو کی زیرِ صدارت سیکریٹری جامعات کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اس مقصد کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)کے تعائون سے تعلیمی بورڈز کے عملے کو آئی ٹی ماہرین کے ذریعے خصوصی تربیت دی جائے گی جبکہ بورڈز کو اسکینرز، کٹنگ مشینیں، سرورز اور دیگر جدید آلات بھی فراہم کیے جائیں گے۔اجلاس میں سیکریٹری جامعات محمد عباس بلوچ، صوبے بھر کے انٹرمیڈیٹ، سیکنڈری اور ٹیکنیکل تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز،ایشیائی ترقیاتی بینک کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کے نمائندوں مسٹر خرم، مس مارلا، مس ثمینہ اور ڈاکٹر عثمان سمیت پروجیکٹ ڈائریکٹر رضوان سومرو، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر لقمان نوہڑی اور امتحانی اصلاحات کے ماہر عطا حسین لاکھو بھی موجود تھے۔اجلاس میں سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت امتحانی نظام کی جدید کاری، ای مارکنگ کے نفاذ، امتحانی و گورننس سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن اور تعلیمی بورڈز کی استعدادِ کار بڑھانے سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیر جامعات محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ کے تعلیمی بورڈز میں روایتی امتحانی طریقہ کار کے بجائے ای مارکنگ کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ امتحانی عمل کو زیادہ شفاف، موثر اور عالمی معیار سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس اہم منصوبے کی منظوری کے لیے تجاویز سندھ کابینہ میں پیش کی جائیں گی اور کابینہ کی منظوری کے بعد منصوبے پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعائون سے تعلیمی بورڈز کے عملے کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے آئی ٹی ماہرین خصوصی تربیت فراہم کریں گے۔ترجمان کے مطابق چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو کو امتحانی نظام کی جدید کاری کے منصوبے کا فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے۔وزیر جامعات نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعائون سے شروع کیے جانے والے اصلاحاتی اقدامات سندھ کے امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے، تعلیمی بورڈز کی ادارہ جاتی استعداد میں اضافہ ہوگا جبکہ امتحانی اور گورننس سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن سے میرٹ، شفافیت اور مجموعی کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔

مزید خبریں