گورنر خیبرپختونخوا سے غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی ملاقات

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (جی آئی کے آئی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شکیل درانی نے ملاقات کی۔ گورنر آفس کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی بھی موجود تھے

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (جی آئی کے آئی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شکیل درانی نے ملاقات کی۔ گورنر آفس کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی بھی موجود تھے۔اس موقع پر غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ کی تعلیمی، تحقیقی اور تکنیکی شعبوں میں نمایاں کارکردگی، اعلیٰ معیار کی انجینئرنگ تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ملک میں معیاری انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی تعلیم کے فروغ میں ادارے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ قومی ترقی کے لیے اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل نوجوان تیار کر رہا ہے۔ملاقات کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لئے آئی ٹی ،آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی)، ڈیٹا سائنس، سائبر سکیورٹی، روبوٹکس اور دیگر جدید علوم پر مشتمل کورسز کے اجراء کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ جنوبی خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو اپنے علاقے میں عالمی معیار کی جدید تکنیکی تعلیم اور تحقیق کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔