خیبر پختونخوا کے وزیر صحت خلیق الرحمان نے جمعرات کے روزمیڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں برنز اینڈ پلاسٹک سرجری سینٹر، انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کے نئے ڈائیلاسز یونٹ،
وزیر صحت خلیق الرحمان نے ایچ ایم سی میں نئی طبی سہولیات اور دیگر منصوبوں کا افتتاح کر دیا

مزید خبریں
پشاور۔ 09 جولائی (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر صحت خلیق الرحمان نے جمعرات کے روزمیڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں برنز اینڈ پلاسٹک سرجری سینٹر، انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کے نئے ڈائیلاسز یونٹ، او پی ڈی، وارڈز اور دیگر طبی سہولیات کا افتتاح کیا۔محکمہ صحت خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر نورالایمان، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر گلزار احمد خان، میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد خان، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز ڈاکٹر کامران خان، ڈائریکٹر برنز اینڈ پلاسٹک سرجری سینٹر ڈاکٹر تمہید اللہ، ڈائریکٹر پیکو ڈاکٹر ثناء اللہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت خلیق الرحمان نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا صوبے کے بڑے تدریسی ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی، علاج کے معیار میں بہتری اور طبی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت علاج کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔وزیر صحت نے ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہتر قیادت، مؤثر ٹیم ورک اور محنت کی بدولت طبی اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ حکومت بہترین کارکردگی دکھانے والے اداروں اور طبی عملے کی ہر ممکن حوصلہ افزائی اور معاونت جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ برن سینٹر کے قیام سے جھلسنے والے مریضوں کو اپنے ہی صوبے میں جدید علاج کی سہولت میسر آئی ہے، جبکہ حکومت اس مرکز کو مزید مضبوط بنانے اور ضروری وسائل کی فراہمی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔وزیر صحت نے کہا کہ صحت کارڈ عوام کے لیے ایک اہم سہولت ہے اور رواں مالی سال میں اس پروگرام کے لیے تقریباً پچاس ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برن مریضوں کو بھی صحت کارڈ کے تحت علاج کی سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے متعلقہ حکام کے ساتھ مشاورت کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز نہ صرف علاج بلکہ تحقیق، تدریس اور طبی ماہرین کی تربیت کے اہم مراکز ہیں۔ حکومت ان اداروں کو مزید مضبوط بنا کر صوبے میں معیاری طبی خدمات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔دورے کے دوران وزیر صحت نے انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں نے علاج اور ہسپتال کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر برنز اینڈ پلاسٹک سرجری سینٹر ڈاکٹر تمہید اللہ نے ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سینٹر کے قیام کے بعد برن اور ری کنسٹرکٹیو سرجری کی سہولیات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں جدید علاج، تربیتی پروگرامز، ریسرچ اور بحالی کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ برن سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی اور مؤثر قانون سازی کی بھی ضرورت ہے۔








