وزیراعظم کا دورہ کوئٹہ اور ایپکس کمیٹی کا اجلاس دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کا مظہر ہے، جمال شاہ کاکڑ

وزیراعظم کا دورہ کوئٹہ اور ایپکس کمیٹی کا اجلاس دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کا مظہر ہے، جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ۔ 09 جولائی (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ کوئٹہ، صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت اور بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے اقدام کو نہایت بروقت اور خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے امن، ترقی اور عوامی مسائل کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔اپنے ایک بیان میں جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کیا ہے

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالیہ دہشت گردی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں، تاہم سکیورٹی فورسز کی بروقت اور موثر کارروائیوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہدا کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔

جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والا ایپکس کمیٹی کا اجلاس وفاق اور صوبے کے درمیان موثر رابطے، بہتر حکمت عملی اور دہشت گردی کے خلاف مربوط اقدامات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور وفاقی حکومت باہمی تعاون سے نہ صرف امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنائیں گی بلکہ صوبے کی ترقی، عوامی خوشحالی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بھی عملی اقدامات جاری رکھیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت بلوچستان میں پائیدار امن، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے۔ ان شا اللہ دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کرکے بلوچستان کو امن، استحکام اور خوشحالی کا گہوارہ بنایا جائے گا۔