کشمیریوں کو حق دلوانے کے لیے عالمی برادری موثر کردار ادا کرے،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حقِ خودارادیت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری بہن بھائیوں کے عظیم جذبے، قربانیوں اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

لاہور۔13جولائی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نوازنے حقِ خودارادیت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری بہن بھائیوں کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور شہدائے تحریکِ آزادی کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے یومِ شہدائے کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ13 جولائی1931 کے 22 شہدا سمیت ہر کشمیری شہید کا لہو آزادی کی عظیم داستان ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو جائز حق دلوانے کے لیے عالمی برادری موثر کردار ادا کرے۔ شہدائے کشمیر کی لازوال قربانیاں تحریکِ آزادی کا روشن ترین باب ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے غیور عوام نے اپنے خون سے آزادی کی جو شمع روشن کی، وہ آج بھی کشمیری عوام کے عزم و حوصلے کی صورت میں زندہ ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی گراں قدر قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، وہ دن دور نہیں جب اہل مقبوضہ جموں وکشمیر آزادی کی صبح دیکھیں گے