وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کرکے ان کے والد کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی دوراندیش قیادت، مدبرانہ بصیرت اور قطر کی غیرمعمولی ترقی کے ساتھ ساتھ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات، ان کے والد کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار

مزید خبریں
دوحہ۔13جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کرکے ان کے والد کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی دوراندیش قیادت، مدبرانہ بصیرت اور قطر کی غیرمعمولی ترقی کے ساتھ ساتھ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم پیر کو ایک روزہ دورے پر دوحہ پہنچے اور ریاست قطر کے امیرکے والد شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ریاست قطر کی قیادت اور عوام سے بالمشافہ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے پاکستان کے لیے مرحوم امیرِ والد کی گرمجوشی، شفقت اور دیرینہ محبت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے پاکستان کے متعدد یادگار دوروں کو بھی قدر و منزلت سے یاد کیا۔ وزیراعظم نے گہرے صدمے کی اس گھڑی میں قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔
انہوں نے قطر کے شاہی خاندان اور قطر کے برادر عوام کیلئے بھی دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ ناقابل تلافی صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ امیر قطر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور پاکستانی وفد کا ذاتی طور پر دوحہ آ کر تعزیت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس جذبے کو دونوں برادر ممالک اور عوام کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔








