کاشتکاروں کو گوبھی کی پنیری پر حملہ کے خدشہ کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کی ہدایت

محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو گوبھی کی پنیری پر کیڑوں کے ممکنہ حملے کے خدشے کے پیش نظر بروقت حفاظتی اقدامات اختیار کرنے، فصل کی باقاعدہ نگرانی کرنے اور ماہرین کی تجویز کردہ زرعی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

فیصل آباد ۔ 13 جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے کاشتکاروں کو گوبھی کی پنیری پر سفید مکھی اور لشکری سنڈی کے حملہ کے خدشہ کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ چونکہ موسم گرماکی شدت کے باعث گوبھی کی پنیر ی پر سفید مکھی اور لشکری سنڈی کے حملہ کا خطرہ ہو سکتاہے لہٰذا پھول گوبھی کے کاشتکارپنیری کا آگاؤ مکمل ہونے کے بعد پودوں کی چھدرائی کریں اور بیمار و کمزور پودے نکال دیں نیز صحت مند پودوں کی تعداد کا مناسب خیال رکھا جائے۔ترجمان محکمہ زراعت فیصل آباد نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا کہ کاشتکار پنیری کی فصل کا روزانہ معائنہ کریں اور کیڑوں کے تدارک کیلئے نئی کیمسٹری کی زرعی ادویات استعمال کی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار پنیری منتقل کرنے سے پہلے اچھی طرح آبپاشی کریں تاکہ پودوں کی جڑیں نرم ہو جائیں اور اکھاڑتے وقت انہیں ٹوٹنے سے بچایاجا سکے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار فصل کمزور ہونے کی صورت میں ایک پاؤ یوریا کھاد فی مرلہ استعمال کریں تاکہ پنیری صحت مند رہتے ہوئے بہتر بڑھوتری کرسکے۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں مزید معلومات یارہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔