وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے ٹیلی فونک گفتگو، قانونی سمندری تجارت کی بلاتعطل روانی کے لیے مملکت اور عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے ٹیلی فونک گفتگو، قانونی سمندری تجارت کی بلاتعطل روانی کے لیے مملکت اور عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےسعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان امن، سلامتی، استحکام اور بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز اور وسیع تر خطے میں قانونی سمندری تجارت کی بلاتعطل روانی کے لیے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔ جمعرات کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے فون پر گفتگو کی ۔

انتہائی خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس گفتگو کے دوران وزیراعظم نے بحیرۂ احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے بزدلانہ حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات قطعی ناقابلِ قبول اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اقدامات جہاز رانی اور تجارتی نقل و حمل کی آزادی کے لیے خطرہ اور علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

انہوں نے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت اور مملکت کے برادر عوام کے ساتھ مضبوطی اور عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے مملکت سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو یقین دلایا کہ پاکستان امن، سلامتی، استحکام ، بحیرہ احمر، آبنائے ہرمز اور وسیع تر خطے میں قانونی سمندری تجارت کی بلاتعطل روانی کے لیے مملکت اور عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے بھی نیک خواہشات اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی مستقل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کو سراہا۔

مزید خبریں