پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 ،11 اگست سے آغاز، قائد اعظم ٹرافی، پریذیڈنٹ ٹرافی اور نیشنل ٹی 20 سمیت ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کا شیڈول جاری

پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 ،11 اگست سے آغاز، قائد اعظم ٹرافی، پریذیڈنٹ ٹرافی اور نیشنل ٹی 20 سمیت ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کا شیڈول جاری

خرم شہزاد

اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جس کا آغاز 11 اگست سے ملتان میں ہوگا۔ اس نئے سیزن میں قائد اعظم ٹرافی، پریذیڈنٹ ٹرافی، نیشنل ٹی ٹونٹی کپ اور نیشنل چیمپئنز کپ سمیت جونیئر سطح کے تمام بڑے ایونٹس شامل کیے گئے ہیں جبکہ پورے شیڈول کو 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔ سیزن کا آغاز ملتان میں نیشنل چیمپئنز کپ (لسٹ اے) اورڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ سے ہوگا تاکہ عالمی کپ کی تیاریوں کو بنیادی ترجیح دی جا سکے۔ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون (فرسٹ کلاس)، گریڈ ٹو گولڈ اور سلور کے مقابلے 12 ستمبر سے شروع ہوں گے۔1 نومبر سے شروع ہونے والی قائد اعظم ٹرافی کے دونوں ڈویژنز کو فرسٹ کلاس کا درجہ حاصل ہوگا۔

گولڈ ڈویژن میں 8 جبکہ سلور میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن کے درمیان پروموشن اور ریلیگیشن کا نظام لاگو ہوگا۔نیشنل ٹی ٹونٹی کپ، وائٹ بال کرکٹ کا یہ بڑا میلہ 5 فروری سے 6 مارچ تک لاہور میں سجایا جائے گا جس میں گولڈ اور سلور دونوں ٹورنامنٹس شامل ہوں گے۔پی سی بی نے 16 ریجنز کی ٹیموں کی تعداد 18 سے بڑھا کر 20کر دی ہے، جس کے تحت لاہور اور کراچی کی طرح اب سیالکوٹ اور پشاور کی بھی دو، دو ریجنل ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔جونیئر سطح پر کھلاڑیوں کی تکنیکی صلاحیتیں نکھارنے کے لئے انڈر 19 کرکٹرز کے لئے تین روزہ (ریڈ بال) ٹورنامنٹ متعارف کرایا گیا ہے۔ نیشنل انڈر 19 کپ اور چیمپئن شپ 22 اکتوبر سے 5 دسمبر تک کھیلے جائیں گے۔

اس کے علاوہ انڈر 15 ون ڈے کپ (اکتوبر-نومبر) اور انڈر 17 ٹو ڈے ٹورنامنٹ (نومبر-دسمبر) بھی شیڈول کا حصہ ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ چیلنج لیگز اور انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے معمول کے مطابق ہوں گے۔سینئر جنرل مینیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شارون نے سیزن کو کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کے لئے یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ 2027 کی تیاری ہماری اولین ترجیح ہے، اسی لیے سیزن کا آغاز 2 ون ڈے ٹورنامنٹس سے کیا جا رہا ہے۔ انڈر 19 کھلاڑیوں کو ریڈ بال کرکٹ فراہم کرنے سے ان کے کھیل میں نمایاں نکھار آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کھلاڑیوں کے روزگار اور ڈیولپمنٹ کے لئے نچلی سطح پر ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ اسامہ شارون نے ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط بنانے اور بہترین مالی وسائل کی فراہمی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بالخصوص شکریہ بھی ادا کیا۔

 

مزید خبریں