العَلَمین سہ فریقی سربراہی اجلاس ، خلیجی ریاستوں کی سلامتی سے مکمل یکجہتی کا اعادہ

مصر، قبرص اور یونان نے خلیجی عرب ریاستوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ان کی سلامتی، استحکام، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ایسے کسی بھی اقدام یا دھمکی کو مسترد کر دیا ہے جو کشیدگی میں اضافے یا خطے کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتی ہو۔

قاہرہ ۔9ستمبر (اے پی پی):مصر، قبرص اور یونان نے خلیجی عرب ریاستوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ان کی سلامتی، استحکام، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ایسے کسی بھی اقدام یا دھمکی کو مسترد کر دیا ہے جو کشیدگی میں اضافے یا خطے کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتی ہو۔

اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق مشترکہ اعلامیہ العلَمین سہ فریقی سربراہی اجلاس کے اختتام پر جاری کیا گیا۔مصر کے شہرالعَلَمین میں ہونے والے اس اجلاس میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، قبرص کے صدر نیکوس کرسٹو دولیدیس اور یونان کے وزیراعظم کیریاکوس میتسوتاکیس نے شرکت کی۔تینوں رہنماؤں نے تنازعات اور بحرانوں کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے، طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی سے گریز کرنے اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی مکمل پاسداری کی ضرورت پر زور دیا جس میں ریاستوں کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کا احترام بھی شامل ہے۔انہوں نے مشرق وسطیٰ میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ اور خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی کوشش کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل رابطہ کاری اور مشترکہ اقدامات کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔